گلگت(۔پ ر) ڈائریکٹر جنرل گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی اظہار اللہ نے کمشنر گلگت , پروجیکٹ ڈائریکٹر سینیٹری سیوریج، پی ایم یو اسٹاف اور متعلقہ ٹھیکیدار کے ہمراہ گلگت شہر میں جاری سینیٹری سیوریج منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران شہر کے مختلف مقامات پر جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا، جہاں بعض مقامات پر سڑکوں پر پڑے سرپلس مٹیریل اور ملبے کی نشاندہی کی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے اظہار اللہ نے متعلقہ ٹھیکیدار کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر موجود تمام اضافی مٹیریل اور ملبہ فوری طور پر اٹھا کر صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، نہ کہ انہیں مشکلات سے دوچار کرنا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ سینیٹری سیوریج منصوبے پر کام کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ مزید برآں، دورے کے دوران دیگر درپیش مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا اور پی ایم یو اسٹاف کو ہدایت دی گئی کہ فیلڈ میں نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تمام امور کی بروقت نشاندہی اور فوری حل کو یقینی بنایا جائے۔
