پریس ریلیز
صاف پانی کی فراہمی کیلئے حکومت گلگت بلتستان کا بڑا قدم
کارگاہ سے گلگت شہر کیلئے نئی واٹر سپلائی اسکیم کی منظوری

Construction of Water Supply Scheme with Consultancy for Gilgit City including Sakwar and Minawar (Phase-I)
گلگت (پبلک ریلیشنز آفس، جی ڈی اے)
گلگت شہر میں صاف پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت گلگت بلتستان نے گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی (GDA) کی زیر نگرانی کارگاہ سے گلگت شہر کیلئے نئی واٹر سپلائی اسکیم کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منصوبہ 61 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔
اس اہم منصوبے کا مقصد گلگت شہر کو اضافی، معیاری اور مستقل بنیادوں پر صاف پانی کی فراہمی ممکن بنانا ہے۔ یہ اسکیم نہ صرف موجودہ قلت کو کم کرے گی بلکہ 2035 سے 2040 تک کی متوقع آبادی کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دی گئی ہے، جس میں 3 لاکھ سے زائد شہریوں کی ضروریات پوری کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
منصوبے کے تحت موجود واٹر سپلائی سسٹم کو نئی اسکیم کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، تاکہ گلگت شہر کے تمام علاقوں کو مؤثر اور معیاری پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اس اسکیم کا ایک کلیدی جزو مناور، سکوار اور جٹیال کیلئے فیزیبلٹی اسٹڈی ہے، جس کے تحت نہ صرف موجودہ ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کا تجزیہ کیا جائے گا، بلکہ ان علاقوں میں نئی آبادیوں کو پانی کی فراہمی کیلئے موزوں اقدامات، نیو انٹروینشنز، اور PC-1 بھی اسکیم کے دائرہ کار میں شامل کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں، اس منصوبے کے تحت کارگاہ میں جدید واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے لیے زمین بھی مختص کی جا چکی ہے، جو صاف پانی کی فراہمی کے معیار کو مزید بہتر بنائے گا۔
یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کی صحت، صفائی اور معیارِ زندگی میں بہتری لائے گا، بلکہ گلگت شہر کی پائیدار ترقی کی جانب ایک مضبوط پیش رفت بھی ثابت ہوگا۔ گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی اس اسکیم پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے، تاکہ شہریوں کو جلد از جلد اس سہولت کا فائدہ پہنچایا جا سکے۔
