پریس ریلیز
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ کا سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور گریوٹی مین, سینیٹری سیوریج پروجیکٹ گلگت کا دورہ۔

گلگت : گلگت شہر میں جاری پراجیکٹ گریوٹی مین اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ سینیٹری سیوریج سسٹم کے ترقیاتی کام کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے آج پراجیکٹ سائٹ کا دورہ کیا. اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل گلگت ڈیولپمنٹ اتھارٹی اظہار اللہ، ڈائریکٹر انجینئرنگ جی ڈی عارف حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ مظہر سہیل بھی تھے. دورے کے دوران ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈیویلپمنٹ نے منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا. متعلقہ انجینئرز اور فیلڈ اسٹاف نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈیویلپمنٹ کو منصوبے کی تکنیکی نوعیت، اب تک کی پیش رفت اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی. اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام کام شفافیت، معیار اور وقت کی پابندی کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیے جائیں. اس موقع پر ڈی جی جی ڈی اے اظہار اللہ نے گریوٹی مین کے کام میں پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ادارہ ہر ممکن کوشش کرے گا کہ یہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو اور گلگت کے شہریوں کے لیے ایک ماڈل سیوریج سسٹم مہیا کیا جا سکے.