گلگت : صوبائی سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ سبطین احمد کی زیر صدارت گلگت شہر میں سیوریج لائن کی تنصیب کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد عقیق خان ، این ایل سی حکام اور متعلقہ منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔
محکمہ مواصلات و تعمیرات سیکریٹریٹ میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں صوبائی سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ نے سیوریج سسٹم کی تنصیب کے دوران پیش آنے والے مسائل پر پیشگی اقدامات نہ کرنے پر متعلقہ حکام کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کے نظام میں بہتری لائے بغیر تعمیری منصوبے سودمندثابت نہیں ہوسکتے لہذا سیوریج سسٹم کی تنصیب کے دوران تکنیکی امور کو مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیوریج سسٹم کی تنصیب کے بعد گلگت کے شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولتیں میسر ہونگی۔
اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ تمام متعلقہ محکموں کی ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائے گی جو روزانہ کی بنیاد پر ھونے والے سیوریج سسٹم کی تنصیب کے کام کی مانیٹرنگ کریگی اور عوامی شکایات کے ازالے کیلئے بروقت اقدامات اٹھائے گی۔
صوبائی سیکریٹری مو اصلات و تعمیرات عامہ نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ فلاح عامہ کے منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور عوامی نوعیت کی ہر اسکیم کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ ہو گی اور سیوریج کی نئی لائن کی تنصیب سے شہریوں کا دیرینہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوجائے گا۔